اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف اور آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹلینا جورجیوا کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں کا احوال سامنے آ گیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹلینا جورجیو سے لندن روانگی سے پہلے پیرس میں تین ملاقاتیں ہوئیں، اس دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام کو مکمل کرنے کے عزم کو دوہرایا، پاکستان کی معاشی حقیقت سے متعلق غور کرنے پر وزیر اعظم نے ایم ڈی آئی ایم ایف کی سوچ کو سراہا۔
ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اپنی تمام کمٹمنٹس کو پورا کرنے کا جذبہ اور عزم رکھتا ہے، پاکستان کو شدید معاشی چیلنجز سے نکلنے میں دنیا کی معاونت کی قدر کرتے ہیں، سیلاب نے معاشی مشکلات کو مزید مشکل بنایا لیکن پاکستان نے اس کے باوجود اپنے عوام کو ریلیف دیا۔
یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف پروگرام کی بحالی کی راہ میں تمام رکاوٹیں دور، معاہدے کا اعلان جلد متوقع
وزیر اعظم نے مزید کہا ہے کہ پاکستانی عوام کو ریلیف ملنا ان کا حق ہے، معاشی مشکلات نے عوام کو بہت زیادہ تکلیف میں مبتلا کیا جو ان کی برداشت سے باہر ہے، عوام کے ریلیف اور معاشی حقائق کے درمیان توازن چاہتے ہیں، معیشت کو واپس گروتھ کے راستے پر لانا آئی ایم ایف اہداف کے حصول کیلئے ضروری ہے۔
شہباز شریف نے کہا ہے کہ گزشتہ چار سال کی معاشی بدحالی کی بحالی کیلئے ناگزیر اقدامات لینا ہوں گے، معاشی بحالی سے آئی ایم ایف اہداف کو بہتر طور پر حاصل کیا جا سکتا ہے، پاکستان ہمیشہ کی طرح عالمی برداری کے ساتھ اپنے عزم اور وعدوں کی تکمیل پر پورا اترتا رہے گا۔
آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر نے وزیر اعظم شہباز شریف کے پاکستان کیلئے عزم کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ نے مشکل حالات میں ذمہ داری سنبھالی لیکن آپ بہتری لانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔