لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یاد رکھیں! قربانی ایک رسم نہیں بلکہ ایک عالمگیر جذبہ ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میں عید الاضحیٰ کے اس پر مسرت موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہوں کہ وہ پوری ملت اسلامیہ کی عبادات اور قربانیاں اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔
میں عید الاضحٰی کے اس پر مسرت موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہوں کہ وہ پوری ملت اسلامیہ کی عبادات اور قربانیاں اپنی بارگاہ میں قبول فرمائے۔
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) June 29, 2023
آج کے اس مقدس دن حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام نے…
انہوں نے کہا کہ آج کے اس مقدس دن حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام نے اللہ کی بارگاہ میں تسلیم و رضا کا اظہار کرتے ہوئے قربانی کی لازوال مثال پیش کی تھی، یہ عمل اللہ تعالیٰ کو اتنا پسند آیا کہ اسے قیامت تک کیلئے اُمتِ محمدﷺ کے لئے بطورعبادت لازم قرار دے دیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یاد رکھیں! قربانی ایک رسم نہیں بلکہ ایک عالمگیر جذبہ ہے، قربانی صرف جانور کے ذبح کرنے کا نام نہیں ہے بلکہ اس کا مقصد اعلیٰ مقاصد کے حصول کے لئے اپنی متاع حیات کو اللہ کے راستہ میں قربان کرنا ہے، یہ ایک حقیقت ہے کہ دنیا میں کوئی قوم اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتی جب تک اس میں ایثار اور قربانی کا جذبہ موجود نہ ہو۔
حمزہ شہباز
سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور نائب صدر مسلم لیگ ن حمزہ شہباز شریف نے عیدالاضحٰی کے مبارک موقع پر پوری پاکستانی قوم اور عالمِ اسلام کو مبارک باد پیش کی۔
حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ قربانی اور ایثار کا جذبہ عالمگیر اور آفاقی ہے، دنیا کی کوئی قوم ان کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی، ہمارا دین بھی ہمیں اخوت ، ایثار، محبت اور غم خواری کا سبق دیتا ہے۔
سابق وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ تمام مسلمانوں کی عبادات، حج و قربانیاں قبول فرمائے۔