اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف درخواستیں سماعت کیلئے مقرر کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 6 رکنی لارجر بینچ 18 جولائی کو کیس کی سماعت کرے گا، جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس منیب اختر بینچ میں شامل ہوں گے، جسٹس عائشہ ملک اور جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی بھی بینچ کا حصہ ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ 2023ء کیخلاف درخواستیں سماعت کیلئے مقرر
یاد رہے کہ نامزد چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کیس پر فیصلے تک آرٹیکل 184 کی شق 3 کے تحت مقدمات سننے سے معذرت کی تھی۔
جسٹس سردار طارق مسعود نے بھی جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے مؤقف کی تائید کی جبکہ جسٹس منصور علی شاہ وفاقی حکومت کے اعتراض کے بعد بینچ سے الگ ہو گئے تھے۔
فوجی عدالتوں میں سویلین کے ٹرائل کے خلاف سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ اور اعتزاز احسن سمیت 4 درخواست گزاروں نے عدالت عظمیٰ سے رجوع کیا تھا۔