اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے یومِ عاشور پر مسلمانوں کے لیے پیغام جاری کر دیا۔
شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ عاشورہ محرم دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے گہری روحانی اہمیت رکھتا ہے، یہ حضرت امام حسینؓ کی حق کیلئے عظیم جدوجہد، قربانی اور شہادت کا دن ہے، اس دن حضرت امام حسینؓ نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کربلا کی جنگ میں ظلم، جبر اور ناانصافی کے خلاف ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی قربانی ہمیں غیر متزلزل ایمان، راست بازی اور انصاف کے حصول کا انمول سبق سکھاتی ہے، یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ظلم و جبر کے خلاف کھڑا ہونا ایک مسلمان کا اخلاقی فرض ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا کا لازوال پیغام آج بھی ہمارے ساتھ گونجتا ہے جو ہمیں اپنی زندگی میں انصاف، ہمدردی اور استقامت کے اصولوں کو برقرار رکھنے کی ترغیب دیتا ہے، حضرت امام حسینؓ کی قربانی کسی خاص وقت یا مقام تک محدود نہیں تھی، یہ سرحدوں سے بالا تر ہو کر نسلوں اور براعظموں میں مسلمانوں کے ساتھ گونجتی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ یوم عاشور ایک یاد دہانی ہے کہ انصاف، مساوات اور انسانی وقار کے لیے ہماری جدوجہد کو غیر متزلزل عزم سے ہمکنار ہونا چاہیے، حضرت امام حسینؓ کی قربانی ہمیں سکھاتی ہے کہ حق اور انصاف کے لیے کھڑا ہونا کبھی بھی آسان نہیں ہوتا، یہ وہ راستہ ہے جو دائمی کامیابی اور اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کی طرف لے جاتا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ قوم اور پوری اُمتِ مسلمہ کو جن چیلنجوں اور آزمائشوں کا سامنا ہے، اس میں ہمیں حضرت امام حسینؓ کی قربانی سے سبق حاصل کرنا چاہیے، یاد رکھیں کہ حق اور مقاصد کے حصول کی راہ میں رکاوٹیں صرف ثابت قدمی، قربانی اور اولوالعزمی سے ہی دور ہو سکتی ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ آیئے ہم اپنی روزمرہ زندگی میں حضرت امام حسینؓ اور ساتھیوں کی عظیم مثال کی تقلید کرنے کی کوشش کریں، یہ مثال ہمارے معاشرے میں روشنی کے مینار اور بہترین نمونہ ہیں، اللہ تعالیٰ ہماری قوم اور امت مسلمہ پر رحم فرمائے، ہمیں اسلام کی تعلیمات اور امام حسینؓ کی عظیم میراث پر ثابت قدم رہنے کی توفیق دے۔