اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وزیر ریلوے و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کسی چیز کو آؤٹ سورس کرنے کا مطلب اسے بیچنا یا گروی رکھنا نہیں ہوتا۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اسلام آباد ایئرپورٹ کو آؤٹ سورس کرنے جا رہے ہیں، یہ ہماری گارنٹی ہے کہ کوئی ملازم بیروزگار نہیں ہوگا، اسلام آباد ایئرپورٹ کو 15 سال کیلئے آؤٹ سورس کیا جائے گا، اگلے مرحلے میں لاہور اور کراچی کی باری آئے گے۔
انہوں نے کہا کہ پوری دنیا نے یہی کیا ہم پیچھے رہ گئے، ہمارے ایئر پورٹس جدید ہونے چاہئیں، ایک صاحب کے بیان کی وجہ سے پی آئی اے کو سالانہ 70 ارب روپے کا نقصان ہوتا رہا، یوکے سے جلد پروازوں کا آغاز ہو جائے گا۔
خواجہ سعد رفیق کا مزید کہنا تھا کہ ریلوے میں کام بہت ہونے والا ہے، گوادر میں 400 ایکڑ زمین ایکوائر کی گئی، ریلوے کے پروڈکشن یونٹ میں پرائیویٹ سرمایہ کاری لانی ہے۔