محسن پاکستان، جذام کے مریضوں کی مسیحا ڈاکٹر رتھ فاؤ کو بچھڑے 6 برس ہو گئے

محسن پاکستان، جذام کے مریضوں کی مسیحا ڈاکٹر رتھ فاؤ کو بچھڑے 6 برس ہو گئے

ڈاکٹر رتھ فاو 8 مارچ 1960ء میں پہلی بار پاکستان آئیں، یہ وہ وقت تھا جب پاکستان میں کوڑھ کے مریض کو اچھوت سمجھا جاتا تھا، سگے رشتے بھی ساتھ نہیں نبھاتے تھے اور مریض کو مرنے کیلئے کسی مقام پر تنہا چھوڑ آتے تھے، ایسے وقت میں جرمنی سے تعلق رکھنے والی خاتون ڈاکٹر نے پاکستان سے جذام کے خاتمے کیلئے اپنی تمام زندگی وقف کر دی۔

ڈاکٹر رتھ فاؤ نے نیشنل لیپریسی کنٹرول پروگرام کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کیا، اس ضمن میں انہوں نے کراچی کے علاقے صدر میں ’میری ایڈیلیڈ لیپروسی سینٹر‘ کی بنیاد رکھی، انہوں نے اپنی تمام تر محبت ان مریضوں کو دی جنہیں ان کے اپنے بھی چھوڑ دیتے ہیں۔

ڈاکٹر رتھ فاؤ کی شب و روز کوششوں کے نتیجے میں عالمی ادارہ صحت نے 1996ء میں پاکستان کو کوڑھ کے مرض سے پاک ملک قرار دے دیا، پاکستان اس ضمن میں ایشیا کے اولین ملکوں میں سے تھا جس نے اس مرض پر قابو پایا، ڈاکٹر رتھ فاؤ کی خدمات کے نتیجے میں انہیں پاکستان میں ستارہ قائد اعظم اور ستارہ ہلال ایوارڈ سے نوازا گیا۔

ڈاکٹر رتھ فاؤ کا انتقال 10 اگست 2017ء کو کراچی کے ایک نجی ہسپتال میں ہوا، ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا، پاکستانی قوم اپنی اس عظیم مسیحا کو کبھی فراموش نہیں کر سکے گی۔