ایبٹ آباد: (دنیا نیوز) چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہم سب سے پہلے پاکستانی ہیں، پاکستانی قوم اور افواج ایک تھے، ایک ہیں اور ایک رہیں گے، پاکستان ہے تو ہم ہیں، پاکستان نہیں تو کچھ بھی نہیں۔
پاکستان ملٹری اکیڈمی میں آزادی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ قوم کو 76 واں یوم آزادی مبارک ہو، ہم آزادی کا دن منانے کی روایت قائم رکھے ہوئے ہیں، پاکستان دو قومی نظریے کی بنیاد پر وجود میں آیا، آج کا دن ہمیں کلمہ طیبہ کے پیغام کی روح کو سمجھنے پر زور دیتا ہے، پاکستان آزادی مسرت اور مساوات کا گہوارہ ہے، دنیا کی کوئی طاقت اسے مٹا نہیں سکتی۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے مزید کہا ہے کہ ہم نے آزادی بے شمار قربانیوں کے بعد حاصل کی ہے اور ہم اس کی حفاظت کرنا جانتے ہیں، ہم اپنے اندرونی اور بیرونی دشمنوں سے با خبر ہیں اور بطور پاکستان کے محافظ کسی قربانی سے گریز نہیں کریں گے، ہم ایک کٹھن دور سے گزر رہے ہیں، خوف اور مایوسی پھیلانے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے، ہمیں منفی پراپیگنڈا مسترد کرنا ہوگا۔
ازلی دشمن کے جارحانہ عزائم سے کبھی مرعوب نہیں ہوں گے
چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ ہمارے پڑوسی ملک نے پاکستان کو آج تک دل سے تسلیم نہیں کیا، بھارت ہمیشہ علاقائی امن اور سلامتی کیلئے خطرہ رہا ہے، ہمارا ازلی دشمن اپنی نام نہاد سٹریٹجک اہمیت اور توسیع پسندانہ عزائم کے خواب رکھتا ہے، یہ خواب جو ہندوتوا کے کٹر نظریات کے تابع ہیں اور اقوام عالم کی توجہ کے متقاضی ہیں۔
جنرل سید عاصم منیر نے مزید کہا ہے کہ ہم کبھی بھی جارحانہ عزائم سے مرعوب نہیں ہوں گے، دو ایٹمی قوتوں پر مشتمل یہ خطہ ایسے جارحانہ عزائم کا متحمل نہیں ہو سکتا، بدقسمتی سے دشمن مسلسل اپنے ناپاک سیاسی عزائم کی تکمیل کیلئے مصروف عمل ہے، ماضی میں ان عزائم کی تکمیل کیلئے کی جانے والی مہم جوئی کی ناکامی کو ضرور یاد رکھنا چاہیے۔
کشمیری بھائیوں کو مکمل حمایت کا یقین دلاتا ہوں
آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ کشمیری بھائی انشاء اللہ ضرور ظالمانہ اور قابض قوتوں سے چھٹکارا پائیں گے، آپ کی آزادی حق خود ارادیت کی خواہش اور لازوال قربانیوں کا ثمر ہو گی، عالمی ضمیر کیلئے کشمیر میں بھارتی جبر و استبداد کا احساس ضروری ہے۔
آرمی چیف نے مزید کہا ہے کہ تمام مذموم ہتھکنڈوں کے باوجود کوئی طاقت کشمیری عوام کے استقلال کو متزلزل نہیں کر سکتی، کوئی جغرافیائی اور سیاسی ضرورت کشمیریوں کے حق آزادی اور خود ارادیت کے راستے میں رکاوٹ نہیں ہو سکتی، میں کشمیری بھائیوں کو افواج پاکستان اور پاکستانی قوم کی طرف سے مکمل حمایت کا یقین دلاتا ہوں۔
افغان سر زمین ہمارے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے
جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے عوام دو دہائیوں سے دہشت گردی کی ظالمانہ کارروائیوں کا مقابلہ کر رہے ہیں، میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیوں کیخلاف ضرور کامیاب ہوں گے۔
آرمی چیف نے مزید کہا ہے کہ افغان بھائیوں کو ادراک ہونا چاہیے کہ ہم ایک مہمان نواز قوم ہیں، ہماری خواہش ہے کہ ہماری مخلصانہ کوششوں کا اسی پیرائے میں جواب دیا جائے اور افغان سرزمین ہمارے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔
ملک کو خوشحال اور مستحکم بنانا ہمارا مشن ہے
چیف آف آرمی سٹاف نے کہا ہے کہ پاکستان کی افواج عوام کی فلاح و بہبود کیلئے پر عزم ہے، ملک کو خوشحال اور مستحکم بنانا ہمارا مشن ہے، پاکستان بے شمار وسائل اور ان گنت نعمتوں کی سرزمین ہے، ہماری ترقی آنے والی نسلوں کے بہتر مستقبل کی ضامن ہو گی۔
جنرل سید عاصم منیر نے مزید کہا ہے کہ ہم اپنے دیرینہ دوست چین کے ساتھ تعاون اور اشتراک کے نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، ترکیہ، قطر اور ایران کے ساتھ تاریخی مراسم میں مزید بہتری آرہی ہے، ہماری خواہش ہے کہ ہم اپنے دوستوں اور شراکت داروں سے تعلقات مزید گہرے کریں۔