لاہور: (دنیا نیوز) موج مستی اور سیر سپاٹوں کو بریک لگ گیا، سندھ کے بعد پنجاب بھر میں بھی موسم گرما کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد نجی اور سرکاری تعلیمی ادارے کھل گئے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب بھر میں موسم گرما کی تعطیلات ختم ہونے پر سکول و کالجز میں تدریسی عمل آج سے شروع ہوگیا ہے، طویل چھٹیوں کے بعد تعلیمی اداروں کی رونقیں دوبارہ بحال ہوگئیں، بچوں کے چہرے دوستوں کو دیکھ کر کھل اٹھے ہیں۔
کئی روز بعد سکول آنے والے بچے جہاں خوش دکھائی دے رہے ہیں وہیں موج مستی کے دن ختم ہونے پر مایوس بھی نظر آ رہے ہیں، تعلیمی اداروں میں پہلے روز طلباء کی تعداد بھی معمول سے کم دکھائی دے رہی ہے۔
خیال رہے لاہور سمیت پنجاب بھر کے تعلیمی ادارے 6 جون سے 20 اگست تک موسم گرما کی تعطیلات کے باعث بند تھے۔