لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے شاہدرہ فلائی اوورز پراجیکٹ کا دورہ کیا اور تعمیراتی کاموں پر پیشرفت کا جائزہ لیا۔
کمشنر لاہور و ڈی جی ایل ڈی اے محمد علی رندھاوا اور چیف انجینئر ایل ڈی اے اسرار سعید نے منصوبے پر ہونے والی پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی، کنٹریکٹر نے پراجیکٹ کی تعمیراتی سرگرمیوں کے حوالے سے بریف کیا۔
دوران بریفنگ وزیراعلیٰ کو کہا گیا کہ منصوبے کا 80 فیصد کام مکمل کر لیا گیا جبکہ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے منصوبے کو اگلے ماہ تک 100 فیصد مکمل کرنے کا ٹاسک دے دیا۔
نجی کمپنی کے کنٹریکٹر نے نگران وزیراعلیٰ کو پراجیکٹ ستمبر کے آخری عشرے میں مکمل کرنے کی گارنٹی دی اور پراجیکٹ بریف پر دستخط کئے، کنٹریکٹر کا کہنا تھا کہ انشاءاللہ منصوبے کو وزیراعلیٰ کے ویژن کے مطابق جلد ازجلد مکمل کریں گے۔
نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی نے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت اور معیاری کام پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ اسی رفتار سے پراجیکٹ پر دن رات کام جاری رکھا جائے، اراضی مالکان کو مارکیٹ ریٹ کے مطابق معاوضہ ادا کیا جائے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شاہدرہ چوک فلائی اوور منصوبے کی تکمیل سے یومیہ 3 لاکھ گاڑیوں کو آمدورفت میں سہولت ملے گی، شہر کے اہم داخلی و خارجی راستے سے ٹریفک کا بڑا مسئلہ حل ہوگا، عوام کی سہولت کیلئے اس منصوبے کی جلد تکمیل ضروری ہے۔