کوئٹہ: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ملک میں معیاری اور اعلیٰ تعلیم کی مستقل فراہمی سے زندگی کے تمام شعبوں میں بہتری آئے گی۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت بلوچستان کی سرکاری یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز کا اجلاس ہوا، اجلاس کے شرکاء نے وزیراعظم کو بلوچستان میں اعلیٰ تعلیم میں درپیش مسائل کے حوالے سے بریفنگ دی۔
اس پر موقع پر نگران وزیراعظم نے اعلیٰ تعلیم کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کر کے اسے بین الاقوامی معیار پر لانے کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوان اور ہماری افرادی قوت پاکستان کے بہتر مستقبل کے حصول کیلئے انتہائی اہم اثاثہ ہیں، پاکستان میں نوجوانوں کیلئے اعلیٰ تعلیم کے حصول کے متعدد مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے باصلاحیت نوجوان ملک کی ترقی میں اپنا کردار مؤثر طریقے سے ادا کر سکیں گے، پاکستان میں جدت کا فقدان، تحقیق اور اعلیٰ تعلیم کے فقدان سے منسلک ہے۔
نگران وزیراعظم نے ہدایت کی کہ یونیورسٹیوں میں تحقیق اور نئی ایجادات کے فروغ کو یقینی بنائیں، جامعات میں اعلیٰ تعلیم کو جدید تحقیق کی مستحکم بنیاد بنانے کیلئے منصوبہ بندی کی جائے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ یونیورسٹیوں سے فارغ التحصیل ہونے والے طلباء و طالبات صنعتوں کو درکار پیشہ ورانہ مہارتیں و ہنر رکھتے ہوں، ملک میں موجود صنعتیں یونیورسٹیوں میں انکیوبیشن سینٹر بنائیں اس طرح طلبا و طالبات کو ہم عصر تحقیق کے مواقع میسر ہوں گے۔
نگران وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ایسے اقدامات سے ملک میں صنعتوں کیلئے تربیت یافتہ افرادی قوت فراہم ہوگی اور صنعتی انقلاب کی راہ ہموار ہوگی۔