ملک کو نقصان پہنچانے کی کوشش کا منہ توڑ جواب دینگے: عسکری قیادت کا یوم دفاع پر پیغام

Published On 06 September,2023 12:58 am

راولپنڈی: (دنیا نیوز) یوم دفاع کے موقع پر اپنے پیغام میں عسکری قیادت نے کہا ہے کہ ہم بطور قوم اُن تمام شہداء کی قربانیوں کے مقروض ہیں جنہوں نے پاکستان کے پرچم کی سربلندی کیلئے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 58 ویں یوم دفاع کے موقع پر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور افواج پاکستان کی جانب سے خصوصی پیغام جاری کیا گیا ہے جس میں عسکری قیادت نے شہداء اور ان کے لواحقین کو زبردست خراج عقیدت کیا۔

عسکری قیادت نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے دن 1965ء کو حق و باطل کے درمیان معرکہ ہوا، یہ ثابت ہوا کہ غیور قوم اپنی سرحدوں کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت تیار ہے، اس روز مادرِ ملت کے ہزاروں بیٹوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، جوانوں نے قربانیوں سے پاک سر زمین کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔

افواج پاکستان کے سربراہان کا مزید کہنا ہے کہ آج پوری قوم اُن شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے، ہم بطور قوم شہداء کی قربانیوں کے مقروض ہیں، مسلح افواج ہر طرح کے اندرونی و بیرونی خطرات کے خلاف دفاع وطن کیلئے پرعزم ہیں، پاکستان کو نقصان پہنچانے کی ہر کوشش کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔