گلگت: (دنیا نیوز) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کے زیر صدارت گلگت بلتستان کابینہ کا اجلاس ہوا، اجلاس میں گلگت بلتستان کی کابینہ نے وزیراعظم کو مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں گلگت بلتستان میں گندم کی پیداوار پر سبسڈی کی عدم فراہمی کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا، وزیراعظم نے گلگت بلتستان کی سیاسی قیادت کو وفاق کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
انوار الحق کاکڑ نے حکومتی سبسڈی پر انحصار کم کرنے پر زور دیا، انہوں نے کہا کہ مقامی قابلِ کاشت زمین کی زرعی استعداد کو بروئے کار لا کر خود انحصاری بڑھائی جائے، ملک کے تمام شعبوں کو اپنی توجہ اور توانائی خود انحصاری پیدا کرنے پر مرکوز کرنا ہو گی، اس سے ملکی معیشت بحالی کے رستے پر گامزن ہو سکے گی۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم کو گلگت بلتستان میں پولیس کی کارکردگی بہتر بنانے کے لئے تجاویز پیش کی گئیں، گلگت بلتستان کابینہ نے وزیراعظم کو گلگت میں سرمایہ کاری اور کاروبار میں ترقی لانے کے لئے بھی تجاویز دیں۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو گلگت بلتستان کی معاشی بحالی کے لیے جامع حکمت عملی تشکیل دینے کی ہدایت کی، اجلاس میں گلگت بلتستان میں امن و امان کی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان کے شہریوں کی حفاظت ریاست کی ذمہ داری ہے، مذہب کے نام پر انتشار پھیلانا ناقابلِ برداشت ہے اور ایسے افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔