سعودی ولی عہد محمد بن سلمان جلد پاکستان آئیں گے: جلیل عباس جیلانی

Published On 16 September,2023 09:51 am

لندن: (دنیا نیوز) نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان جلد پاکستان آئیں گے۔

 

لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا لندن آنے کا بنیادی مقصد دولت مشترکہ کی یوتھ منسٹرز کانفرنس میں شرکت تھا، نوجوان ہمارا مستقبل ہیں، ان کی تعلیم اور روزگار کے حوالے سے متعدد نئے آئیڈیاز سامنے آئے، وزیراعظم پاکستان نے بھی نوجوانوان کی ترقی کے لیے 80 ارب روپے کا فنڈ مقرر کیا ہے۔

 

ان کا کہنا تھا کانفرنس میں 50 ممالک شریک تھے جن میں 40 وزرا شامل تھے، کانفرنس میں ماحولیاتی تبدیلیوں کو خصوصی اہمیت دی گئی، سفارشات پر عملدرآمد کیلئے ٹاسک فورس بنادی گئی ہے۔

بھارت کے ساتھ تعلقات سے متعلق سوال کے جواب میں وزیر خارجہ کا کہنا تھا مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد سے پاکستان کے بھارت سے تعلقات منقطع ہیں۔

سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان سے متعلق سوال پر جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا سعودی عرب کی ولی عہد محمد بن سلمان جلد پاکستان آئیں گے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا نگران حکومت کے اقدامات سے حالات میں بہتری آئی ہے، کرنسی سمگلنگ کو آہنی ہاتھوں سے روکنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد ڈالر گرنا شروع ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مقیم غیر قانونی طور پر رہنے والے افراد کو نکالنے کا فیصلہ مناسب ہے، غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو ملک چھوڑنے کا وقت دے دیا ہے۔

نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن مقررہ وقت پر ہوں گے اور انتخابات کی تاریخ الیکشن کمیشن دے گا۔