رنگ روڈ سدرن لوپ تھری سے عوام کو آمدورفت کی بہترین سہولتیں ملیں گی، محسن نقوی

Published On 16 September,2023 08:31 pm

لاہور (دنیا نیوز) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا کہنا ہے رنگ روڈ سدرن لوپ تھری کی تکمیل سے عوام کو آمد و رفت کی بہترین سہولتیں ملیں گی۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ تھری پراجیکٹ کا دورہ کیا، گرینڈ مسجد سے اڈہ پلاٹ تک منصوبے کے ارتھ ورک کا جائزہ لیا، انہوں نے ضروری مشینری لگا کر ارتھ ورک کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی، پراجیکٹ کی مقررہ مدت میں تکمیل کے حوالے سے بھی متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔

محسن نقوی نے کہا رنگ روڈ سدرن لوپ تھری کی تکمیل سے عوام کو آمد و رفت کی بہترین سہولتیں ملیں گی، میٹرو اورنج لائن پر طلبہ کو ہم نے فری سفر کی سہولت دی ہے، گجومتہ سٹیشن سے پرائیویٹ سیکٹر اپنی بسیں لنک کرے، حکومت نہیں کر سکتی، پٹرول کی زیادہ قیمت کے باعث ہر بندہ متبادل طریقے سوچ رہا ہے۔

سیکرٹری تعمیرات و مواصلات اور ایف ڈبلیو او کے حکام نے وزیراعلیٰ محسن نقوی کو رنگ روڈ سدرن تھری پراجیکٹ کے بارے میں بریفنگ دی، چیئرمین رنگ روڈ اتھارٹی اور متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔