حساس ادارے پر حملہ کیس: عدالت نے سابق صوبائی وزیر علی افضل ساہی سے جواب طلب کر لیا

Published On 23 September,2023 05:52 pm

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں حساس ادارے پر حملے کے مقدمے میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی دفعات شامل کر لی گئیں، پولیس نے سابق صوبائی وزیر علی افضل ساہی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے لیے عدالت سے رجوع کر لیا۔

 

فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے روبرو پولیس کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ فیصل آباد میں حساس ادارے ہر حملے کے مقدمے میں آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی دفعات شامل کر لی گئیں اور اس کے بعد ملزمان کو شامل تفتیش ہونے کے لیے متعدد نوٹسز بھجوائے۔

پولیس کی درخواست میں نکتہ اٹھایا گیا کہ سابق صوبائی وزیر علی افضل ساہی کو شامل تفتیش ہونے کا کہا گیا لیکن وہ شامل تفتیش نہیں ہوئے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ علی افضل ساہی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں عدالت نے پولیس کی درخواست پر علی افضل ساہی کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا۔