لاہور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے جشن میلادالنبیؐ کے پرمسرت موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آپؐ پوری کائنات کیلئے رحمت اللعالمینؐ بن کر تشریف لائے، آپﷺ کی آمد سے دنیا کی تاریکیوں کو نور ملا اور بے سہارا کو آسرا۔
محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ حضور کریمﷺ نے مختصر مدت میں مثالی سماجی اور معاشی نظام دیا جو پوری دنیا کیلئے مشعل راہ ہے، حضرت محمدﷺ سے محبت کا عملی تقاضا ان کی سیرت اور احکامات کی پیروی کا متقاضی ہے، عالم اسلام کو درپیش مسائل کا حل سیرت النبیﷺ میں پنہاں ہے، نبی آخرالزماںﷺ نے امن، اخوت، احترام انسانیت، مساوات، عفوو درگزراورعدل و انصاف کا درس دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ ہمارے زوال کی وجہ صرف یہ ہے کہ ہم پیارے نبی کریمﷺ کی تعلیمات کو فراموش کر چکے ہیں،اقوام عالم میں کھویا ہوا مقام دوبارہ حاصل کرنے کیلئے اسوہ حسنہؐ پر حقیقی معنوں میں عمل کرنا ہوگا، حضوراکرمﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کرمعاشرے سے ظلم، زیادتی، ناانصافی اور بدامنی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔
نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ جشن عید میلاد النبیؐ کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی نبی پاکﷺ کی تعلیمات کے مطابق گزاریں۔