کراچی: (دنیا نیوز) ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سندھ کے ہاریوں کو وڈیروں کے چنگل سے متحدہ قومی موومنٹ آزاد کرائے گی۔
مصطفیٰ کمال نے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان آج سہراب گوٹھ سے کیماڑی، گھگر پھاٹک سے حب چوکی تک ہر زبان بولنے والوں کی جماعت ہے، ایم کیو ایم لیاری، سہراب گوٹھ ہر جگہ الیکشن لڑے گی، اس شہر میں کراچی والوں کے لئے حقوق لینا بہت آسان کام ہے، ہم نے ایک سال میں حقوق لے کر دکھائے ہیں، یہ ایم کیو ایم پاکستان ہے جس نے وفاقی وزیر پانی و بجلی کو کے الیکڑک کے دفتر لا کر بٹھایا اور شہر کا حق حاصل کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان بنانے والوں کی موجودہ نسل ملک کو بچائے گی، ڈاکٹر فاروق ستار
مصطفیٰ کمال نے مزید کہا میں ملیر ٹاؤن کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں، ملیر ٹاؤن نے یہ معرکہ جیت لیا ہے، اسلام آباد والے بھی یہ دیکھ رہے ہیں کہ یہ کراچی ہے، آئی ایم ایف اس ملک کو قرضوں سے نہیں نکال سکتا کراچی نکال سکتا ہے، انہوں نے کہا ہمارے نوجوانوں کو کالجز میں داخلے دو، ہمیں پینے کا صاف پانی دو، ہمارے بنیادی اختیارات بلدیاتی حقوق آئین پاکستان میں لکھ دو۔
سینئر کنوینر نے کہا پہلے میئر کے الیکشن کراؤ پھر وزیراعظم منتخب کرو، ہم متحد ہو کر جیتیں گے، آئندہ بھی وزیراعظم ہمارے دفتر میں زیادہ عاجزی سے آئے گا، ہم غیر مشروط حمایت کریں گے اس جماعت کی جو ان تین آئینی ترامیم کی ضمانت دے گا۔