لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ ادارے فروخت کرنے کے بجائے ملک سے کرپشن کو کیوں ختم نہیں کیا جارہا۔
امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا خیال تھا نگران حکومت آئی پی پیز معاہدوں پر نظرثانی کرے گی، آئی پی پیز کے ساتھ ڈالروں میں معاہدے کئے گئے، سارا بوجھ عوام پر ڈالا جاتا ہے، آئی ایم ایف کے کہنے پر آئے روز بجلی کی قیمت بڑھا دی جاتی ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ بجلی چوری کا بوجھ عام آدمی برداشت کرتا ہے، جتنی بجلی استعمال کی جاتی ہے اتنا ہی بل لیا جائے، بجلی بلوں میں 15 اقسام کے ٹیکسزعوام کے ساتھ ظلم ہے، نئے لگنے والے میٹر موٹروے کی رفتارسے چلتے ہیں، یہ عوام کو نئے طریقے سے لوٹنے کی ایک سازش ہے جس کا فرانزک آڈٹ کیا جائے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ اب یہ قومی ادارے فروخت کرنے پر لگے ہوئے ہیں، پی آئی اے، موٹرویز فروخت کرنے کے بجائے کرپشن کو ختم کیوں نہیں کرتے، عالمی اداروں سے قرضے لینا پاکستان کے لئے خطرناک ہے، لاہور میں 25 روپے کا ایک نان ہے جس میں اب مزید اضافہ ہونے والا ہے۔