اسلام آباد: (دنیا نیوز) مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف خصوصی طیارے کے ذریعے اسلام آباد سے لاہور پہنچے، ہیلی کاپٹر کے ذریعے جلسہ گاہ آئے۔
مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف خصوصی پرواز کے ذریعے اسلام آباد سے لاہور کے لئے روانہ ہوئے تھے، اسلام آباد ایئر پورٹ سے فلائٹ تقریبا 2 گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی تھی، لاہور پہنچنے پر مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے استقبال کیا۔
نوازشریف کا طیارہ اسلام آباد سے 35 منٹ میں لاہور پہنچا، میاں نوازشریف وی آئی پی گرین چینل سے لاہور ایئرپورٹ سے باہر نکلے، دیگر مسافروں کو لاہور ایئرپورٹ پر امیگریشن کے مراحل سے گزرنا پڑا، سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور اعظم نذیر تارڑ بھی نوازشریف کے ہمراہ لاہور پہنچے۔
سابق وزیراعظم نوازشریف کی لاہور آمد پر پرتپاک استقبال کیا گیا، نوازشریف کے لاہور ایئرپورٹ پر اترتے ہی سیسنا طیاروں سے گل پاشی کی گئی، واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف دبئی سے اسلام آباد پہنچے تھے، جہاں کچھ گھنٹے قیام کے بعد لاہور کے لئے روانہ ہوئے تھے۔