اسلام آباد: (ویب ڈیسک) نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالکی سے ملاقات کی، ملاقات میں مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔۔
نگران وفاقی وزیر اطلاعات اور سعودی سفیر کی ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان میڈیا اور کمیونیکیشنز کے شعبے میں طے شدہ معاہدات پر عمل درآمد کی رفتار تیز کرنے، دونوں ممالک کے درمیان میڈیا اور ڈرامہ سمیت دیگر متعلقہ شعبوں میں تعاون کو مزید وسیع کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا، ملاقات میں وزیراعظم کے بین المذاہب ہم آہنگی کے لئے نمائندہ خصوصی علامہ طاہر محمود اشرفی بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: مرتضیٰ سولنگی کا ایئربیس پر حملہ ناکام بنانے پر جری جوانوں کو خراج تحسین پیش
ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ابلاغیات کے شعبے میں باہمی تعاون کے حوالے سے بات چیت ہوئی، نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے سعودی سفیر کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، ملاقات میں اسلامی تعاون تنظیم کے 12 نومبر کو اجلاس کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔
مرتضٰی سولنگی نے سعودی عرب کی طرف سے اسلامی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس بلانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بانی رکن کے طور پر پاکستان او آئی سی کے قیام کے مقاصد اور اس کی مزید مضبوطی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا، امت مسلمہ کے مفادات کے تحفظ میں او آئی سی کے کردار کی تقویت اور اس ضمن میں سعودی عرب کے کردار کو سراہتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے اسٹریٹجک وژن کی ضرورت ہے: مرتضیٰ سولنگی
نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، سعودی سفیر نے نگران وزیر اطلاعات کو سعودی عرب کے دورے کی بھی دعوت دی، مرتضیٰ سولنگی نے سعودی سفیر کا دورے کی دعوت دینے پر شکریہ ادا کیا۔