اسلام آباد: سالانہ لوک میلہ، ہر سو پاکستانی ثقافت کے رنگ بکھر گئے

Published On 09 November,2023 11:17 am

اسلام آباد: (فوزیہ علی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 10 روزہ سالانہ رنگا رنگ لوک میلہ جاری ہے، ملک بھر سے دستکاروں اور فنکاروں نے میلے کی رونقیں بڑھا دیں جبکہ میلے میں روایتی کھانوں کی مہک ہر کسی کو اپنی جانب کھینچ رہی ہے۔

کہیں رنگا رنگ دستکاریاں تو کہیں چٹ پٹے روایتی پکوان اور کہیں فنکاروں کی زبردست پرفارمنس پر جھومتے نوجوان، لوک ورثہ اسلام آباد میں ہر سو بکھرے پاکستانی ثقافت کے دلکش رنگوں نے ہر کسی کا دل موہ لیا۔

لوک میلے میں ملک بھر سے آئے دستکار اپنے ہنر کی داد سمیٹ رہے ہیں اور روایتی لباس زیب تن کئے فنکاروں کا علاقائی رقص بھی شرکاء کی خاص توجہ کا مرکز بن رہا ہے۔

چاروں صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی ثقافت کی رنگینی نے ملکر میلے کو چار چاند لگا دیئے ہیں اور شہری بھی دل کھول کر میلے سے شاپنگ کرنے میں مصروف ہیں جبکہ پاک سرزمین کے سبھی رنگوں سے سجا یہ میلہ 12 نومبر تک جاری رہے گا۔