لاہور شہر کی فضا آج بھی آلودہ، ایئرکوالٹی انڈیکس 411 تک پہنچ گیا

Published On 09 November,2023 09:23 am

لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دارالحکومت میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی پر قابو نہ پایا جا سکا، شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس آج بھی 400 سے زائد ریکارڈ کیا گیا۔

آلودگی کے اعتبار سے شہر لاہور دنیا میں فضائی آلودگی کی فہرست میں دوسرے نمبر پر آگیا، عامر ٹاؤن کا ایئر کوالٹی انڈیکس 488 جبکہ کینٹ کے علاقے کا اے کیو آئی 484 ریکارڈ کیا گیا۔

مال روڈ کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 480 ریکارڈ کیا گیا جبکہ شہر کا مجموعی ایئرکوالٹی انڈیکس 411 ریکارڈ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:سموگ کے خاتمے کیلئے پنجاب کے 8 شہروں میں آج سے سمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ

سموگ پر قابو پانے کیلئے لاہور سمیت پنجاب کے آٹھ شہروں میں دفعہ 144 کا نفاذ کر دیا گیا، صوبائی دارالحکومت سمیت پنجاب کے 8 شہروں میں سمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ 10 سے 12 نومبر تک ہوگا۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے شہر میں آج رات بارش برسنے کی پیشگوئی کی ہے، لاہور کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28 جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 16 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔