سموگ نے ایک بار پھر لاہور کو دنیا کا آلودہ ترین شہر بنادیا

Published On 08 November,2023 09:54 am

لاہور: (دنیا نیوز) سموگ نے صوبائی دارالحکومت لاہور کو ایک بار پھر دنیا کا آلودہ ترین شہر بنا دیا۔

لاہور کا فضائی آلودگی میں دنیا میں پہلا نمبر برقرار ہے جبکہ صوبائی دارالحکومت کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 455 تک پہنچ گیا ہے۔

پنجاب حکومت نے سموگ کی شدت کے پیش نظر لاہور ڈویژن سمیت مخصوص اضلاع میں 4 روز کے لئے ماحولیاتی اور ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کردی، پابندیوں کا اطلاق 9 سے اتوار 12 نومبر تک ہوگا۔

گوجرانوالہ، حافظ آباد، نارووال، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب اور سیالکوٹ میں بھی دفعہ 144 نافذ رہے گی۔

اس دوران تعلیمی ادارے، سرکاری و نجی دفاتر، سینما، پارکس اور ریسٹورنٹ بند رہیں گے جبکہ مارکیٹیں ہفتے کو بند رہیں گی جبکہ بیکریاں اور میڈیکل سٹور کھلیں گے، بسیں اور ویگنیں چلتی رہیں گی۔