جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ نئے نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا مقرر

Published On 12 November,2023 11:50 am

پشاور: (دنیا نیوز) گورنر خیبرپختونخوا کی منظوری کے بعد جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ نئے نگران وزیراعلیٰ خیبر پی مقرر ہوگئے۔

نئے نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی تقرری کے حوالے سے سابق وزیراعلیٰ محمود خان اور سابق اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی کے درمیان سی ایم ہاؤس میں ملاقات ہوئی، جس میں صوبے کے نئے وزیر اعلیٰ کے لئے نام پر مشاورت کی گئی۔

ذرائع کے مطابق دونوں سیاسی رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران جسٹس ( ر) ارشد حسین شاہ کے نام پر اتفاق کر لیا گیا ہے اور انہیں کے پی کا نگران وزیر اعلیٰ نامزد کیا گیا ہے۔

گورنر نے نگران وزیراعلیٰ خیبر پی کے کی سمری پر دستخط کر دیئے

جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کا نام منظوری کیلئے گورنر خیبر پختونخوا کو بھیجا گیا، گورنر خیبر پختونخوا غلام علی کی جانب سے سمری پر دستخط کے بعد جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ نئے نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا مقرر ہوگئے ہیں۔

نئے نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس (ر) ارشد حسین شاہ کی تقرری کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔

جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ کا تعلق ایبٹ آباد سے ہے، وہ چیف جسٹس سپریم ایپلیٹ کورٹ گلگت بلتستان رہ چکے ہیں اور خیبر پختونخوا کی نگران کابینہ کا حصہ بھی تھے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز نگران وزیراعلیٰ اعظم خان دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے تھے جن کی نماز جنازہ چار سدہ میں ان کے آبائی علاقے میں ادا کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ اعظم خان کے انتقال کے بعد ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے گورنر خیبر پختونخوا غلام علی کو خط لکھ کر قانونی رائے پیش کی تھی، جس کے بعد گورنر غلام علی نے سابق وزیراعلیٰ محمود خان اور اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی کو خط لکھ دیا تھا۔

نگران وزیراعلیٰ کیلئے سمری موصول ہو چکی، دستخط کر دوں گا، گورنر خیبر پختونخوا

قبل ازیں خیبر پختونخوا کے گورنر غلام علی کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعلیٰ کیلئے مجھے سمری موصول ہو چکی ہے دستخط کر دوں گا۔

پشاور میں گورنر خیبر پختونخوا غلام علی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میں نے نئے نگران وزیراعلیٰ کی تقرری پر فوری اقدامات کئے، میں نے اختیارات لینے کی کوشش نہیں کی۔

غلام علی کا کہنا ہے کہ اگر کوئی عدالت جانا چاہتا ہے تو اس میں ہمارا کوئی عمل دخل نہیں۔

قبل ازیں اپنے ایک بیان میں سابق اپوزیشن لیڈر اکرم درانی کا کہنا تھا کہ صوبے میں سیاسی بحران ہے، آج ہی نگران وزیراعلیٰ کی تقرری کا مسئلہ حل کریں گے، پوری تیاری کے ساتھ نگران وزیراعلیٰ کی تقرری پر بات کروں گا، محمود خان کو بھی راضی کر لوں گا میری بات سے کوئی انکار نہیں کرتا۔

اکرم درانی کا کہنا تھا کہ نگران وزیراعلیٰ کیلئے متوقع نام سیاستدان اور بیوروکریٹ کے ہو سکتے ہیں، کوئی اعظم خان کے کردار پر انگلی نہیں اٹھا سکا۔