کراچی: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ماضی میں جو غلطیاں ہوئی ہیں ان کو ٹھیک کریں گے اور سماجی و سیاسی تعلق کو فروغ دیں گے۔
کراچی پریس کلب میں ایاز صادق سمیت دیگر ن لیگی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہمیں اعزاز حاصل ہے کہ ایشیا کے بڑے پریس کلب میں ہیں، کراچی پریس کلب کے اراکین کی جمہوریت کیلئے عظیم قربانیاں ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہم کراچی میں سیاسی اور سماجی رابطے کر رہے ہیں، پیر صاحب پگارا کے پاس گئے جہاں مثبت بات چیت ہوئی، یہ بات چیت آگے بڑھے گی، ایم کیو ایم کے پاس بھی جائیں گے، حکومت بنی تو آئینی ترامیم کریں گے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا شہر کھنڈرات میں تبدیل ہو گیا ہے، یہ ایشیا کا بڑا شہر ہے جسے ہر حکومت میں نظر انداز کیا جاتا رہا، ہم نے مستقبل کا نقشہ بنایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے جو کلچر رائج کیا تھا اس میں ایک دوسرے سے بات چیت سے بھی دور کر دیا تھا، سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کراچی کو کھنڈر بنا دیا گیا۔
ایاز صادق
سابق سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ تلخیوں کی طرف نہیں جائیں گے، گالم گلوچ کو سیاست سے دور رکھیں گے، بلوچستان میں 3 دن رہ کر آیا ہوں، 14 کو نواز شریف جائیں گے جہاں وہ 3 دن رہیں گے، اور بھی لوگ ن لیگ میں شامل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ جی ڈی اے سے بھی ہمارا رابطہ ہوا ہے، ان سے ہماری بات چیت شروع ہے جس سے متعلق وقت آنے پر فیصلہ ہوگا۔