لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ فلسطین صرف فلسطینیوں کا مسئلہ نہیں بلکہ عقیدے، نظریئے اور ایمان کا مسئلہ ہے۔
لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کی کامیابی پوری امت کی کامیابی ہے، فلسطینیوں کی شکست یہودیوں اور صیہونیوں کی کامیابی ہوگی، یہ لڑائی، جہاد مسجد اقصیٰ، قرآن کی حفاظت کیلئے ہے، گزشتہ 37 دنوں میں 11 ہزار سے زیادہ مسلمان شہید ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل فلسطین پر فاسفورس بم برسا رہا ہے، فلسطینیوں کو دفناتے وقت کفن نہیں ملتا، عالم اسلام میں خاموشی ہے، ہمارا خیال تھا او آئی سی اجلاس میں دشمن کو سخت پیغام دیا جائے گا، دشمن کا اقتصادی بائیکاٹ کیا جائے گا، افسوس ہے حکمرانوں نے کوئی ایسا اقدام نہیں اٹھایا۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ کیا تماشائی بن کر ہم اپنے ایمان، اسلام اور کلمے کا حق ادا کرسکتے ہیں؟ یہ ہی بچے اور بچیاں قیامت کے دن ہمارے گریبانوں پر ہاتھ ڈالیں گے، ہمارے مسلم حکمرانوں کو بھی غزہ جانا چاہیے تھا لیکن نہیں گئے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ ہم نے ملک میں امت کو بیدار کرنے کیلئے مہم شروع کی ہے، میں ایران، ترکی، قطر گیا ملکر فیصلہ کیا کہ اسلام اور امت کی خاطر جینا ہے۔