لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے خدیجہ شاہ کی پولیس افسران کیخلاف توہین عدالت درخواست 24 نومبر کو سماعت کیلئے مقرر کردی۔
لاہور ہائیکورٹ میں خدیجہ شاہ کی توہین عدالت کی درخواست جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی متفرق درخواست پر سماعت ہوئی، جسٹس علی باقر نجفی نے خدیجہ شاہ کی متفرق درخواست پر سماعت کی۔
دوران سماعت وکیل درخواست گزار نے کہا کہ اس کیس میں آئی جی صاحب کا جواب آنا تھا، مگر وہ اب تک جمع نہیں کروایا گیا جس پر عدالت نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ آئی جی پنجاب کا جواب کیوں نہیں آیا ؟ پوچھ کر بتایا جائے کہ مقدمے کا ریکارڈ پیش کیا جا رہا ہے یا نہیں۔
بعد ازاں عدالت عالیہ نے پولیس افسران کیخلاف خدیجہ شاہ کی توہین عدالت کی درخواست 24 نومبر کو سماعت کیلئے مقرر کردی۔
واضح رہے کہ خدیجہ شاہ نے آئی جی پنجاب سمیت دیگر کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر رکھی ہے، خدیجہ شاہ نے ایڈووکیٹ سمیر کھوسہ کی وساطت سے درخواست دائر کی۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ پولیس رپورٹ کے مطابق خدیجہ شاہ پر دو مقدمات ہیں، اس کے باوجود کسی نئے مقدمے میں گرفتاری ڈال دی گئی ہے، کسی نئے کیس میں گرفتاری غیر قانونی ہے۔
درخواست گزار کی جانب سے عدالت عالیہ سے استدعا کی گئی کہ لاہور ہائیکورٹ آئی جی پنجاب سمیت دیگر پولیس افسران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے۔