لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کو بحفاظت گھر نہ پہنچانے کے خلاف درخواست پر سماعت 16 نومبر تک ملتوی کردی۔
لاہور ہائیکورٹ میں ڈی آئی جی آپریشنز سمیت دیگر پولیس افسران کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت ہوئی،جسٹس سلطان تنویر نے پرویز الہٰی کی اہلیہ قیصرہ الہٰی کی توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی، ڈی آئی جی عمران کشور عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
سابق وزیراعلیٰ کی قانونی ٹیم میں موجود جونیئر وکیل نے کیس کو ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ سینئر کونسل موجود نہیں ہیں، عدالت کیس کو ملتوی کردے۔
بعدازاں عدالت نے سابق وزیراعلیٰ کی قانونی ٹیم کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 16 نومبر تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ درخواست گزار کی جانب سےلاہور ہائیکورٹ سے استدعا کی گئی تھی کہ عدالتی حکم کے باوجود افسران نے پرویز الہٰی کو بحفاظت گھر نہیں پہنچایا، عدالت پولیس افسران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی عمل میں لائے۔