لاہور : (دنیانیوز) پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں عدالت نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے پرویز الہٰی کے جسمانی ریمانڈ میں دو روز کی توسیع کردی ۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد آج لاہور ضلع کچہری میں پیش کیا گیا ، جوڈیشل مجسٹریٹ عمران عابد نے کیس کی سماعت کی ، دوران سماعت وکیل پرویز الہٰی نے کہا کہ اینٹی کرپشن والے چودھری پرویز الہٰی کے گھر کب اور کتنے بجے گئے ہیں ، جوڈیشل مجسٹریٹ نے کہا کہ ضمنی میں سب کچھ تحریر کیا ہوا ہے ۔
وکیل پرویز الہٰی نے کہا کہ ضمنی میں وقت کا ذکر نہیں اور تھانے سے روانگی کا ذکربھی نہیں کیا گیا ہے ، وکیل اینٹی کرپشن نے عدالت کوبتایا کہ پرویز الٰہی سےجسمانی ریمانڈ میں 41 لاکھ روپے ریکور کیے، پرویز الٰہی کی ظہور الہٰی روڈ پر واقع رہائش گاہ سے پیسے ریکور کیے ، پرویز الہٰی سے مزید تفتیش درکار ہے ،عدالت ریمانڈ فراہم کرے ۔
اینٹی کرپشن نے عدالت میں پرویز الہٰی کے مزید 12دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کردی ، جوڈیشل مجسٹریٹ عمران عابد نے اینٹی کرپشن کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔و
بعدازاں عدالت نے اینٹی کرپشن کی درخواست منظور کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پراینٹی کرپشن کے حوالے کردیا ۔
پرویز الہی کے خلاف اینٹی کرپشن میں پنجاب اسمبلیوں میں غیر قانونی بھرتیوں کا مقدمہ درج ہے۔