لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کو اینٹی کرپشن لاہور منتقل کر دیا گیا۔
پرویز الہٰی کو ایڈیشنل سیشن جج کے فیصلے کے مطابق راہداری ریمانڈ پر لاہور لایا گیا ہے، انہیں آج عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا۔
اس حوالے سے ترجمان اینٹی کرپشن نے بتایا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ کے خلاف اینٹی کرپشن لاہور میں مقدمہ درج ہے، ان سے پنجاب اسمبلی میں غیرقانونی بھرتیوں کے مقدمے میں پوچھ گچھ کی جائے گی، پرویز الٰہی کو اینٹی کرپشن نے گزشتہ روز اڈیالہ جیل سے تحویل میں لیا تھا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پرویز الٰہی پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی تقرریوں کے کیس میں نامزد ملزم ہیں، آج اینٹی کرپشن مجسٹریٹ کی عدالت میں چودھری پرویز الٰہی کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی، پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی تقرریوں کا اوپن اینڈ شٹ کیس ہے۔
اینٹی کرپشن کے ترجمان نے مزید کہا کہ چودھری پرویز الٰہی اور دیگر ملزمان نے خلاف ضابطہ تقرریاں کیں، کرپٹ اور بدعنوان عناصر کے خلاف اینٹی کرپشن کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔