اینٹی کرپشن کےمقدمے میں پرویز الہٰی کی انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت ملتوی

Published On 25 October,2023 10:31 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کے خلاف اینٹی کرپشن کے مقدمے میں انٹراکورٹ اپیل پر سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور چودھری کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے پرویز الہٰی کی انٹراکورٹ اپیل پر سماعت کی، عدالت عالیہ نے ایڈووکیٹ جنرل کو معاونت کیلئے طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی۔

پرویز الہٰی کی جانب سے انٹراکورٹ اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ کو گوجرانوالہ کے مجسٹریٹ نے اینٹی کرپشن کے مقدمے سے ڈسچارج کرنے کا حکم دیا، پنجاب حکومت نے جوڈیشل مجسٹریٹ کے فیصلے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا۔

اپیل میں مزید کہا گیا کہ سنگل بنچ نے جوڈیشل مجسٹریٹ کی جانب سے پرویز الہٰی کو ڈسچارج کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دیا، سنگل بنچ کا فیصلہ حقائق کے بر عکس ہے، عدالت عالیہ سے استدعا ہے کہ ہائیکورٹ سنگل بنچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو اینٹی کرپشن کے مقدمے میں ڈسچارج کرنے کا فیصلہ برقرار رکھے۔