لاہور: (دنیا نیوز) مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کو بحفاظت گھر نہ پہنچانے پر ڈی آئی جی آپریشنز اور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے معافی مانگ لی۔
لاہور ہائیکورٹ میں چودھری پرویز الٰہی کو بحفاظت گھر نہ پہنچانے پر توہین عدالت کی درخواست کی سماعت ہوئی۔
ڈی آئی جی آپریشنز اور ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے جواب لاہور ہائیکورٹ میں جمع کراتے ہوئے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔
دونوں افسران نے جواب میں کہا کہ پرویز الٰہی کی گرفتاری اسلام آباد پولیس کی جانب سے کی گئی اور اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے پرویز الٰہی کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے، پرویز الٰہی کے معاملے میں کسی قسم کی کوئی بدنیتی شامل نہیں۔
واضح رہے کہ چودھری پرویز الٰہی کی اہلیہ قیصرہ الٰہی نے توہین عدالت کی درخواست دائر کر رکھی ہے۔