لاہور: (دنیا نیوز) اینٹی کرپشن عدالت نے پنجاب اسمبلی میں محمد خان بھٹی کی بطور پرنسپل سیکرٹری بھرتی کے معاملے پر سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی کی درخواست ضمانت پر سماعت 6 نومبر تک ملتوی کر دی۔
اینٹی کرپشن عدالت کے جج محمد ارشد حسین بھٹہ نے مقدمہ پر سماعت کی، پرویز الہٰی کی جانب سے عامر سعید راں ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔
ایف آئی آر کے مطابق سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی پر الزام ہے کہ انہوں نے اختیارت کا غلط استعمال کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں محمد خان بھٹی کو غیر قانونی طور پر پرنسپل سیکرٹری بھرتی کیا۔
عدالت نے پراسیکیوشن سے مقدمہ کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ کی درخواست ضمانت پر سماعت 6 نومبر تک ملتوی کر دی۔