لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف نے کہا کہ ن لیگ کی جیت پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے ناگزیر ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف سے پارٹی کے سینئر رہنماؤں سابق گورنررفیق رجوانہ، خواجہ سعد رفیق، سردار ایاز صادق، عبدالغفار ڈوگر، خواجہ عمران نذیر اور عطاء اللہ تارڑ نے ملاقاتیں کیں، پارٹی رہنماؤں نے آشیانہ اقبال ریفرنس میں بریت پر شہبازشریف کو مبارک دی اور خوشی کا اظہار کیا۔
— PMLN (@pmln_org) November 18, 2023
پارٹی رہنماؤں نے سیاسی انتقام کے دور کا بہادری اور جرات سے مقابلہ کرنے پر پارٹی صدر کو خراج تحسین پیش کیا، شہبازشریف نے پارٹی رہنماؤں کے جذبات پر شکریہ ادا کیا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا، شہبازشریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے جس نے ایک بار پھر عوام اور قانون کی نظر میں سرخرو کیا۔
ن لیگ کے صدر نے کہا کہ قیادت، کارکنوں نے بڑی جرات وبہادری اور ثابت قدمی دکھائی، قیادت کی بے گناہی پر کارکنوں اور عوام کو یقین تھا، یہ اعتماد سب سے بڑا اثاثہ ہے، پاکستان اور عوام کی خدمت پر ناحق سزا کا سامنا کرنا اعزاز سمجھتا ہوں، ایک دھیلے کا الزام ثابت نہ ہونا عوام کی خدمت کا انعام ہے۔
یہ بھی پڑھیں: رونے دھونے سے کچھ نہیں ہوگا، الزامات کے بجائے آگے بڑھنا چاہیے: شہبازشریف
شہبازشریف نے مزید کہا کہ افسوس ہے کہ چار قیمتی سال سیاسی انتقام میں جھونک دیئے گئے، انتقامی سیاست سے قوم کے فائدے کے منصوبے، معیشت تباہ، عوام مہنگائی کا شکار ہوگئے، ہمیں اپنی سزا کا نہیں عوام اور ملک کو ملنے والی سزا کا دُکھ ہے۔
مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی جیت مہنگائی کے ستائے عوام کی جیت ہوگی، مسلم لیگ (ن) کی جیت پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے ناگزیر ہے، پاکستان کی معاشی ترقی اولین ایجنڈا ہے، عوام کو مہنگائی سے اسی طرح نجات دلائیں گے جس طرح لوڈشیڈنگ سے نجات دلائی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: عوام کو مہنگائی سے ایسے نجات دلائیں گے جیسے لوڈ شیڈنگ سے دلائی تھی: شہباز شریف
شہبازشریف نے کہا کہ جس طرح دہشت گردی اور بدامنی ختم کی تھی، انشاء اللہ مہنگائی ختم کریں گے، نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کی ترقی کا سنہرا دور شروع ہوگا، پارٹی کارکنان اور رہنما روایتی جذبے اور عزم کے ساتھ الیکشن کی تیاری کریں۔
— PMLN (@pmln_org) November 18, 2023
ن لیگ کے صدر سے ملاقات میں سابق ارکان قومی اسمبلی سردار عاشق گوپانگ اور سردار عامر طلال گوپانگ نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا، شہباز شریف نے سردار عاشق گوپانگ اور سردار عامر طلال گوپانگ کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر خوش آمدید کہا اور مبارکباد دی۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ اجتماعی کوششوں سے پاکستان کو معاشی بحرانوں سے نکالیں گے، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مظبوطی پاکستان کی معاشی بحالی اور عوام کی خوشحالی ہے، اللہ تعالی نے موقع دیا تو عوام کو معاشی تکلیفوں سے نجات دلائیں گے، جنوبی پنجاب سمیت پورے پاکستان میں ترقی کے ایک نئے دور کا اغاز کریں گے۔
دونوں سابق ارکان قومی اسمبلی نے 16 ماہ کے دوران بطور وزیراعظم شہباز شریف کی کارکردگی کو سراہا اور پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچانے پر خراج تحسین پیش کیا۔