کوئٹہ: (دنیا نیوز) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کو آگے لیجانے والے لیڈر کو پیچھے کھینچنے والی بہت سی طاقتیں موجود ہیں۔
پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے یوم تاسیس کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور تمام پارٹی قائدین کو سلام پیش کرتا ہوں، پاکستان میں ہر خوبی ہے، بلوچستان پاکستان کا دل ہے، افسوس ہے اسلام آباد اور دوسرے صوبوں کو نظر نہیں آتا کہ دل بلوچستان ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو نظر آتا ہے بلوچستان پاکستان کا دل ہے، بلوچستان کی دھرتی کے نیچے بہت بڑا غم اور دکھ پھیلا ہوا ہے، ہم نے بلوچستان والوں کو اپنی دھرتی کا مالک بنانا ہے، پاکستان ایک ایکسپورٹ ملک تب بنتا ہے جب بلوچستان کے پاس پانی آتا ہے، ہم بلوچستان کو پانی دیں گے، ہمارے پاس فارمولے ہیں۔
— PPP (@MediaCellPPP) November 30, 2023
سابق صدر نے کہا کہ ہمارے پاس ملکی مسائل کے حل کیلئے فارمولے ہیں، میرے بیٹے نے پہلا نوجوان وزیر خارجہ بنکر پرچم اونچا کیا، آج لوگ بلاول بھٹو کو اس کی اپنی شناخت سے جانتے ہیں، ہم نے ہر موسم میں بلاول بھٹو کی سپورٹ، تربیت کرنی ہے، ہم نے بلاول کو نوجوانوں کا اور آنے والا کل کا لیڈر بنانا ہے۔
آصف زرداری نے مزید کہا کہ میرے پاکستان کا ہر بندہ باشعور اور محنت کش ہے، ہمیں اپنی عوام سے امیدیں ہیں، عوام پر ناز ہے، میں نے پاکستان کیلئے خواب دیکھے ہیں، میرے اور آپ کے بچوں نے یہاں رہنا ہے، یہاں بڑے ہونا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آصف زرداری نے سیاسی شخصیات سے بات چیت کیلئے نمائندے مقرر کر دیئے
پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین نے کہا کہ ہم نے کم از کم تنخواہ 35 ہزار کی، میرے پاس ایک سرمایہ کار آیا جس نے کہا آپ نے زیادتی کر دی، ہماری یہی سوچ ہے کہ ہم نے پاکستان بنانا ہے، میں نے، بلاول نے، آصفہ بھٹو نے اور آپ نے ملکر پاکستان بنانا ہے، ہم دنیا کے نقشے پر عظیم ملک بن کر ابھریں گے، دنیا بھی کہے گی پاکستان ایک عظیم ملک ہے۔
آصف زرداری نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ بلوچستان کے کسانوں اورمزدوروں کی خدمت کی ہے، پاکستانی قوم کا کوئی بھی فرد کمزور نہیں ہے، مجھے پاکستان کی عوام اور پیپلزپارٹی کے جیالوں پر ناز ہے، میں نے پاکستان اور آنے والے مستقبل کے لئے خواب دیکھے ہیں۔
سابق صدر نے کہا کہ ہم نے اپنی مڈل کلاس کو امیر بنانے اور بچوں کے بہتر مستقبل کا خواب دیکھا ہے۔