پرویز الہٰی کی گرفتاری کیخلاف توہین عدالت کی درخواست کا تحریری حکم جاری

Published On 06 December,2023 10:18 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی کی عدالتی حکم کے باوجود گرفتاری کے خلاف دائر توہین عدالت کی درخواست کا تحریری حکم جاری کردیا۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سلطان تنویر احمد نے سابق وزیراعلیٰ چودھری پرویز الہٰی کی اہلیہ قیصرہ الہٰی کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکم جاری کیا۔

تحریری حکم میں کہا گیا ہے کہ عدالت نے آئی جی اسلام آباد کے وارنٹ بحال رکھے، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اسلام آباد کو تحریری حکم کی کاپی ارسال کی جائے، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اسلام آباد اس معاملے پر عدالتی معاونت کے لیے کوئی افسر مقرر کرے۔

عدالت نے حکم میں لکھا ہے شک ہے کہ آئی جی اسلام آباد اور ایس ایس پی کو دائرہ اختیار کا غلط مشورہ دیا گیا، آئی جی اسلام آباد اور ایس ایس پی کے بار بار وارنٹ گرفتاری اور ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیے۔

عدالتی حکم میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں افسران عدالت میں پیش ہوئے اور نہ ہی کوئی جواب دیا، عدالت مزید سماعت 18 دسمبر کو کرے گی۔