اسلام آباد: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ اور بلوچستان کے صوبائی الیکشن کمشنرز کے تبادلے کر دیئے۔
صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان شریف اللہ کو صوبائی الیکشن کمشنر سندھ تعینات کر دیا گیا جبکہ صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اعجاز انور چوہان کو صوبائی الیکشن کمشنر بلوچستان تعینات کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان کو تبدیل کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: عام انتخابات: الیکشن کمیشن نے ڈی آر اوز، آر اوز کی فہرست مرتب کر لی
متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور چوہان پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انتخابات میں شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔
ایم کیو ایم کی جانب سے کہا گیا تھا کہ اعجاز انور چوہان کو تبدیل کیا جانا چاہیے، وہ پچھلی صوبائی حکومت کے سابق کارکن ہیں، ہم صوبائی الیکشن کمشنر کی تبدیلی کا مطالبہ کرتے ہیں۔