لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل کی سینٹرل پولیس آفس آمد، صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل نے وفد کے ہمراہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی۔
جوائنٹ الیکشن کمشنر سائیں بخش چنہڑ اور ڈائریکٹر الیکشنز عبدالحمید وفد میں شامل تھے، اے آئی جی آپریشنز پنجاب ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی اور دیگر افسر بھی موجود تھے۔
صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب سعید گل نے 08 فروری 2024ء کے پر امن اور شفاف انتخابات کے لئے پنجاب پولیس کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، اے آئی جی آپریشنز پنجاب ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی نے سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ پنجاب پولیس الیکشن کے پرامن اور محفوظ انعقاد کے لئے پوری طرح تیار ہے، موجودہ حالات کے پیش نظر صوبہ بھر میں عام انتخابات کے موقع پر سکیورٹی انتہائی سخت ہو گی، الیکشن کے لئے آپریشنل، لاجسٹکس اور سٹریٹجک امور کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
ڈاکٹر عثمان انور نے بتایا کہ 51 ہزار سے زائد پولنگ سٹیشنز کو حساسیت کے اعتبار سے 03 کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے، صوبہ پنجاب میں عام انتخابات کے دوران پنجاب پولیس کی ڈیڑھ لاکھ سے زائد نفری سکیورٹی کے فرائض سرانجام دے گی، الیکشن کمیشن کی جاری کردہ ہدایات اور ضابطہ اخلاق کی پاسداری پر من و عن عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کاغذات نامزدگی کے موقع پر رش کے تناظر میں الیکشن کمیشن کے دفاتر کی سکیورٹی بڑھانے کی ہدایت کی، الیکشن کے دوران تمام پولنگ سٹیشنز، آر او دفاتر، تعینات افسران و عملے اور ووٹرز کو بھرپور سکیورٹی فراہم کریں گے۔
ڈاکٹر عثمان انور نے مزید کہا کہ کسی بھی شخص، ملک دشمن عناصر کو الیکشن کے پرامن عمل کو سبوتاژ کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے، صوبائی الیکشن کمشنر اور دیگر افسروں نے عام انتخابات کے لئے پنجاب پولیس کی تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔
آئی جی پنجاب نے تمام آر پی اوز، ڈی پی اوز، متعلقہ افسروں کو الیکشن کمیشن افسروں کے ساتھ کوآرڈی نیشن مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کردی۔