کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائیکورٹ کے الیکشن ٹریبونل نے 4 یونین کونسلز کے انتخابی نتائج کیخلاف جماعت اسلامی کے امیدواروں کی درخواست پر الیکشن کمیشن، ریٹرننگ افسران اور مخالف امیدواروں کو نوٹس جاری کر دیئے۔
الیکشن ٹریبونل کے روبرو 4 یونین کونسلز کے انتخابی نتائج کیخلاف جماعت اسلامی کے امیدواروں کی درخواست کی سماعت ہوئی۔
درخواست گزار کے وکیل تیمور مرزا ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ یونین کونسل نمبر6 کے فیصلے سے ٹاؤن چیئرمین کی پوزیشن متاثر ہوسکتی ہے، غیاث احمد عباسی کے زیادہ ووٹ حاصل کرنے کے باوجود مخالف امیدوار کو کامیاب قرار دیا گیا، 5 ماہ سے درخواست دائر ہے، تاخیر سے عوام کے مینڈیٹ کی خلاف ورزی ہورہی ہے۔
ٹریبونل نے الیکشن کمیشن، ریٹرننگ افسران اور مخالف امیدواروں کو 24 ستمبر کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔
واضح رہے کہ دیگر درخواستیں صفورا ٹاؤن کی مختلف یوسیز کے امیدواروں محمد شاہد اور حبیب الرحمان نے دائر کی ہیں، گلشن اقبال ٹاؤن کی یونین کونسل سے واجد احمد خان نے بھی انتخابی عذرداری دائر کی ہے۔