پشاور: (دنیا نیوز) نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جسٹس ریٹائرڈ سید ارشد حسین شاہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں سرکاری جامعات کے مالی مسائل اور دیگر معاملات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سرکاری جامعات کو مالی بحران سے نکالنے کے لئے مختلف تجاویز پر غور و خوض کیا گیا، جامعات کو دی جانے والی گرانٹس کو بہتر مالی نظم وضبط سے مشروط کرنے پر بھی اتفاق ہوا، سرکاری جامعات میں وائس چانسلرز کی تعیناتی کےعمل کو جلد سے جلد مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
نگران وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس میں کم انرولمنٹ والے یونیورسٹی کیمپسز کو ایک دوسرے کے ساتھ ضم کرنے پر بھی اتفاق ہوا، سید ارشد حسین نے کہا کہ جامعات کو درپیش مالی بحران ایک سنجیدہ معاملہ ہے، تعلیم کا شعبہ نگران صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔