نواز شریف سے جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر ساجد میر کی ملاقات، سیاسی تعاون پر گفتگو

Published On 26 December,2023 05:56 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف سے جمعیت اہلحدیث پاکستان کے امیر پروفیسر ساجد میر نے ملاقات کی۔

مسلم لیگ (ن) کے چیئرمین راجہ محمد ظفر الحق، سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز شریف بھی ملاقات میں شریک تھیں۔

ن لیگ کے الیکشن سیل کے چیئرمین سینیٹر اسحاق ڈار، پارٹی کے پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ خان، سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب اور جمعیت اہلحدیث پاکستان کے صاحبزادہ فضل کریم بھی ملاقات میں موجود تھے۔

ملاقات میں موجودہ صورتحال اور انتخابات کی تیاریوں پر مشاورت ہوئی، پروفیسر ساجد میر نے ملک و قوم کے لئے خدمات پر نواز شریف کو خراج تحسین پیش کیا، پروفیسر ساجد میر نے نیب ریفرنسز سے بریت پر نواز شریف اور مریم نواز شریف کو مبارک دی۔

پروفیسر ساجد میر نے نواز شریف سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیب نے سیاسی دشمنی میں آپ پر جھوٹے مقدمات بنائے، قوم نے ان کا حشر دیکھ لیا، اس موقع پر قائدین نے 8 فروری 2024ء کے عام انتخابات کے لئے دونوں جماعتوں میں سیاسی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔