لاہور: (دنیا نیوز) چینی ماہرین ماحولیات نے کہا ہے کہ ماحولیاتی مسائل حل کرنے کیلئے قانون سازی کی اشد ضرورت ہے۔
چینی قونصل جنرل زاؤ شیرین کی ماہرین ماحولیات کے ہمراہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ آمد ہوئی جہاں پنجاب اور چینی ماہرین ماحولیات کا مشترکہ اجلاس ہوا، چیئرمین پی اینڈ ڈی افتخار علی سہو اور چینی قونصل جنرل زاؤ شیرین نے اجلاس کی صدارت کی۔
اجلاس میں ماحولیاتی مسائل کے حل کیلئے پنجاب حکومت کے اقدامات بارے بریفنگ دی گئی، سیکرٹری ٹرانسپورٹ، زراعت، ماحولیات اور دیگر متعلقہ افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
چینی ماہرین ماحولیات نے اجلاس میں رائے دی کہ ماحولیاتی آلودگی سے متعلقہ افسران کی ٹریننگ اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال مسئلے کے حل میں مددگار ثابت ہو گا، ماحولیاتی مسائل کے حل کے لئے قانون سازی کی اشد ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بلوچستان حملہ : چین کی ایران اور پاکستان سے تحمل سے کام لینے کی اپیل
انہوں نے کہا کہ کنسٹرکشن سائٹس پر احتیاطی تدابیر سے ماحولیاتی مسائل کم ہوں گے، ٹرانسپورٹ سیکٹر کو ماحول دوست بنانا ہو گا۔
چینی ماہرین ماحولیات نے سیکرٹری بلدیات ڈاکٹر احمد جاوید قاضی سے بھی ملاقات کی جس میں سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے درپیش چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا، چینی قونصل جنرل نے وفد کی قیادت کی۔
ملاقات میں چینی ماہرین کی جانب سے ماحولیاتی آلودگی کے خاتمے کے لئے مختلف تجاویز پیش کی گئیں، چینی ماہرین نے فضائی آلودگی کے تدارک کے لئے ہر سطح پر بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر سیکرٹری بلدیات ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے چینی وفد کو یادگاری شیلڈز پیش کیں۔