8فروری کو شیر شکار کرے گا، شہباز شریف

Published On 27 January,2024 05:28 pm

راولپنڈی:(دنیا نیوز)صدر مسلم لیگ ن میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ 8فروری کو شیر شکار کرے گا،لوگوں نے اب اپنے ووٹ سے ثابت کرنا ہے۔

انتخابی مہم کے حوالے سے راولپنڈی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کا کہنا تھا اپنے دل پر ہاتھ رکھ کر بتاؤ پچھلی حکومت نے کیا کیا؟انہوں نے گالم گلوچ کے علاوہ قوم کو کچھ نہیں دیا، نواز شریف نے جووعدے کیے وہ پورے کیے، نواز شریف نے راولپنڈی میں میٹرو بنانے کا اعلان کیا میٹرو کے بعد جو حکومت آئی اس نے راولپنڈی کیلئے کچھ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت میں آکر عوام کی قسمت بدل دیں گے، نواز شریف کو موقع دیا تو راولپنڈی میں بلیو ٹرین چلائیں گےیہاں بجلی پر چلنے والی بسیں لائیں گے، راولپنڈی کیلئے30 ارب روپے کا پانی کا منصوبہ لا رہے ہیں، رنگ روڈ راولپنڈی کیلئے تحفہ ہے جوجلد مکمل کیا جائے گا۔

مرکزی رہنما ن لیگ کا کہنا تھا نواز شریف نے لوگوں کی خدمت کی، بعد کی حکومتوں نے انہی کے منصوبوں پر تختیاں لگائیں جن کو خدمات پسند نہ آئیں انہوں نے نواز شریف کی حکومت ختم کر دی، 8فروری کو شیر شکار کرے گا لوگوں نے اب ثابت کرنا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 8فروری والے دن ان سب کو پتہ چل جائے گا کس نے خدمت کی اور کس نے دھوکا دیا، راولپنڈی کے لوگ سب جانتے ہیں آپ نے شیر کو ووٹ دینا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایک لیڈر نے نواز شریف کو مباحثے کی دعوت دی ہے ہم نے اپنے ووٹ کی طاقت سے نوازشریف کو ایک بار پھر وزیراعظم بناناہے تاکہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کا سفر مستقبل میں جاری رہے۔