راولپنڈی: (دنیا نیوز) سوڈان میں گھات لگا کر پاک فوج کے امن دستے پر حملہ کیا گیا، حملے میں سپاہی شہید جبکہ 2 اہلکاروں سمیت 4 افراد زخمی ہو گئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی امن دستوں کے قافلے پر سوڈان اور جنوبی سوڈان کے درمیان متنازع علاقے ابی میں حملہ کیا گیا، پاکستانی امن دستہ کے اہلکار 2 مقامی مریضوں کو ہسپتال لے جا رہے تھے۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا ہے کہ پاکستانی امن دستوں نے مؤثر جواب دے کر عسکریت پسندوں کو پسپائی پر مجبور کر دیا، فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی محمد طارق نے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آج تک 181 پاکستانی اہلکاروں نے دنیا بھر میں امن کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، پاکستان عالمی امن اور استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔