لودھراں : (دنیانیوز) سربراہ استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ ووٹ ایک امانت اور طاقت ہے، ووٹ کو ضائع نہیں کرنا، سب لوگ گھروں سے نکل کر اپنا ووٹ کاسٹ کریں۔
جہانگیر ترین نے لودھراں میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے گھر کا پولنگ سٹیشن ہے، اپنا ووٹ کاسٹ کرنے آیا ہوں، پولنگ کا عمل بہترین طریقے سے چل رہا ہے، میری کوشش ہے دونوں حلقوں سے جیتوں۔
جہانگیر ترین نے کہا کہ اللہ کرم کریگا ، جہاں جہاں استحکام پاکستان پارٹی کے امیدوار ہیں انشاء اللہ سب جیتیں گے، ایک مستحکم حکومت کو بننا چاہیے جس سے معیشت مستحکم ہوگی تو ملک مضبوط ہوگا۔
سربراہ استحکام پاکستان پارٹی نے کہا کہ انٹرنیٹ کی بندش کے حوالے سے مجھے علم نہیں ، ایسا نہیں ہونا چائیے، دہشت گردی کے خلاف قوم متحد ہے ، دہشت گردی کا عمل ہمارے ملک سے ختم ہونا چاہییے ، ہمارے جوانوں پر دہشت گرد حملوں کی مذمت کرتا ہوں۔
جہانگیر ترین نے صحافی کے سوال پر کہ فروری کے بعد کون سی حکومت بنے گی، انہوں نے جواب دیا کہ 8 فروری گزرنے دیں ، سب سوالوں کا جواب دونگا۔