لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوام کو گھر تک سروسز کی فراہمی کیلئے ایپ اور کال سروس شروع کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں "دستک" پروگرام کا جائزہ لیا گیا، وزیراعلیٰ پنجاب نے ضلعی اور انتظامی محکموں کو جلد از جلد دستک سروسز مہیا کرنے کے لئے اقدامات کا حکم دے دیا۔
"دستک" ایپ سروسز کے ذریعے ابتدائی طور پر لوکل گورنمنٹ اور دیگر محکموں کی دس سروسز میسر ہوں گی، عوام بتدریج سرکاری محکموں کی 100 سے زائد سروسز آن لائن یا کال ک رکے حاصل کرسکیں گے۔
پنجاب حکومت کی جانب سے پہلے مرحلے میں لاہور کے عوام کو ان کی دہلیز پر 10 سہولیات دئیے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے، اجلاس کے دوران دعویٰ کیا گیا کہ شہری پیدائشی و ڈیتھ سرٹیفکیٹ، شادی و طلاق سرٹیفکیٹ، ڈومیسائل، ای سٹیمپ، وہیکل رجسٹریشن و ٹرانسفر، ٹوکن ٹیکس اور پراپرٹی ٹیکس سروسز اپنے گھر کی دہلیز پر حاصل کر سکیں گے۔
حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ دوسرے مرحلے میں کریکٹر سرٹیفکیٹ، پولیس ویریفکیشن، لرنر ڈرائیونگ لائسنس، ڈرائیونگ لائسنس کی تجدید، ایف آئی آر کی کاپی، ڈوپلیکیٹ ڈرائیونگ لائسنس، کرایہ دار کی رجسٹریشن کی سہولت بھی گھر کی دہلیز پر ملے گی۔
پراجیکٹ کے مطابق مخصوص رائیڈر سرکاری محکموں کی سروسز شہریوں کو گھر پر مہیا کرے گا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے رائیڈرز کی فوری رجسٹریشن اور ٹریننگ شروع کرنے کی ہدایت کر دی۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ مستقبل میں 100 سے زائد سروسز دستک منصوبے کے ذریعے فراہم کی جائیں گی جس سے 50ہزار سے زائد ملازمتیں پیدا ہوں گی،شہری 1202 پر کال کرکے یا دستک ایپلی کیشن کے ذریعے مطلوبہ سروسز حاصل کر سکیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دستک کا رائیڈر متعلقہ شہری کے گھر پہنچے گا اور اسے مطلوبہ سروس فراہم کی جائے گی، حکومت عوام کی سہولت اور گڈ گورننس ہر حال میں یقینی بنائے گی۔