اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان بار کونسل نے تحریک انصاف کی جانب سے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے استعفے کا مطالبہ مسترد کردیا۔
پاکستان بار کونسل کے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان بار کونسل نے جسٹس تصدق جیلانی پر مشتمل کمیشن کو بھی خوش آئند قرار دیا، پاکستان بار کونسل نے ہائیکورٹ ججز کے معاملہ پر چیف جسٹس پر تنقید کو بھی مسترد کردیا۔
جاری اعلامیہ میں کہا گیا معاملہ پر پاکستان بار غور و فکر کیلئے جلد جنرل باڈی اجلاس بلائے گی، چھ ججز کے خط کے معاملے پر تحقیقات ہونی چاہئے، ججز کے الزام ثابت ہونے پر کارروائی بھی ہونی چاہئے، ججز کو تحفظ اور پرائیوسی فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا کسی ادارے کو بھی عدلیہ میں مداخلت کا اختیار نہیں، پاکستان بار کونسل اور وکلاء برادری چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور عدلیہ کے ساتھ ہے۔