بشریٰ بی بی کو بلڈ اور انڈوسکوپی ٹیسٹ تجویز کئے، علاج کا فیصلہ بعد میں ہوگا: ڈاکٹر عاصم

Published On 04 April,2024 08:18 pm

لاہور: (دنیا نیوز) بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے معالج ڈاکٹر عاصم یوسف نے کہا ہے کہ بشریٰ بی بی کو بلڈ ٹیسٹ اور انڈوسکوپی ٹیسٹ تجویز کئے ہیں، ٹیسٹوں کے بعد ہی فیصلہ ہوگا کہ علاج کی ضرورت ہے یا نہیں۔

دنیا نیوز کے پروگرام "نقطہ نظر" میں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم یوسف کا کہنا تھا کہ آج بشریٰ بی بی کا معائنہ کیا ہے، انہوں نے بتایا دوماہ پہلے معدے میں جلن ہوئی تھی، بشریٰ بی بی نے بتایا کھانے کے بعد منہ میں جلن بھی ہوئی تھی۔

ڈاکٹرعاصم یوسف نے کہا کہ بشریٰ بی بی نے بتایا اس وقت کھانے کے بعد دو ہفتے تک طبیعت خراب رہی، ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ دو مہینے پہلے بشریٰ بی بی نے کیا کھایا اب دوماہ بعد بتانا مشکل ہوگا۔

بشریٰ بی بی کے ذاتی معالج کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کا وزن بھی کم ہوا تھا، اب ان کی طبیعت بہتر ہو چکی ہے، بشریٰ بی بی کے معدے میں جلن بھی کم ہو چکی ہے، ان کا وزن کم ہوا ہے اور کھانا کم کھا رہی ہیں۔

ڈاکٹرعاصم یوسف نے کہا کہ مجھے ہفتے والے دن بانی پی ٹی آئی کے معائنے کی بھی اجازت ملی ہے۔