اسلام آباد : (دنیانیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بنی گالہ سے اڈیالہ جیل منتقلی کی عدم پیروی پر خارج کی گئی درخواست دوبارہ بحال کردی۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بشریٰ بی بی کی درخواست پر سماعت کی ، بشریٰ بی بی کی جانب سے وکیل عثمان ریاض گل جبکہ سٹیٹ کونسل عبد الرحمن پیش ہوئے۔
دوران سماعت سٹیٹ کونسل عبد الرحمن نے بھی بشریٰ بی بی کی درخواست بحالی کی مخالفت نہیں کی ، عدالت نے کہا کہ سب جیل کے لوازمات کیا ہیں؟ آئندہ سماعت پر عدالت کی معاونت کی جائے ، عدالت نے آج بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ کرانے کا بھی حکم دیدیا۔
عدالت نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کی بنی گالا سب جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی کی مرکزی درخواست 22 اپریل کو مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔
یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر عدالت نے عدم پیروی پر بشریٰ بی بی کی درخواست خارج کردی تھی، بشریٰ بی بی کے وکلاء نے درخواست بحال کرنے کے لیے دوبارہ متفرق درخواست دائر کی تھی ۔