65 سال عمرکی حد ختم، 20 لاکھ تنخواہ پرنئی تعیناتیوں کی راہ ہموار

Published On 20 April,2024 03:31 pm

اسلام آباد: (دنیانیوز) وفاقی کابینہ نے اہم تعیناتیوں میں 65 سال تک عمر کی حد ختم کر دی جس سے ماہانہ 20 لاکھ روپے تک کی تنخواہ پر نئی تعیناتیوں کی راہ ہموار ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے تعیناتیوں میں پی ٹی آئی دور حکومت کی پالیسی میں ترامیم کرتے ہوئے اہم تعیناتیوں میں 65 سال تک عمرکی حدختم کر دی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ترامیم کے لیے وفاقی کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے سمری کی منظوری لی گئی، کابینہ نے سپیشل پروفیشنل پے سکیلز پالیسی 2019 میں ترامیم کی منظوری دی۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ تعیناتیوں کے لیے 65 سال تک عمرکی شرط ختم کر دی گئی ہے، سپیشل پروفیشنل پے سکیلز کے تحت تعیناتیوں کے لیے عمرکی بالائی حد نہیں ہوگی، اب 65 سال کے بعد تعیناتی اور موجودہ تعیناتی میں 65 سال کے بعد توسیع ہو سکےگی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وزیر خزانہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کی تھی، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سربراہی میں قائم کمیٹی نے عمر کی حد میں ترامیم تجویز کی تھیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں نئے ٹیلنٹ کے فروغ کے لیے 2019 کی پالیسی میں ترامیم ضروری تھیں، وفاقی حکومت نے وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کی استعداد کار بڑھانےکا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اس ترامیم کے ذریعے باصلاحیت پیشہ ور افراد، تکنیکی ماہرین اور کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کی جائیں گی، وفاقی حکومت عالمی معیارکا ٹیلنٹ پول بنانے پر کام کر رہی ہے، وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز میں گورننس کے نظام میں جدت لا کر مزید مؤثر بنایا جائےگا۔
 







×

آپ کی رائے

کیا چھوٹے صوبوں کا قیام پاکستان میں بہتر حکمرانی اور ترقی کے لیے ضروری ہے